بھٹکل 16 جون (ایس او نیوز) شرابی ندی کے اطراف بسنے والے نوجوانوں نے ندی میں کچرہ پھینکنے والوں کے لئے انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ ندی میں کچرہ پھینکنے سے باز آجائیں۔ علاقہ کے نوجوانوں نے ایک ٹیم بناکراب کچرہ پھیکنے والوں کو رنگے ہاتھ پکڑنے کا منصوبہ بنایا ہے اور ایسے لوگوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
قاضیا اسٹریٹ سے تعلق رکھنے والے میونسپل کونسلراورسن شائین اسپورٹس سینٹر کے جنرل سکریٹری قیصرمحتشم نے بتایا کہ علاقہ کے نوجوان اب دیررات تک ندی کنارے گشت کررہے ہیں اور کچرہ پھینکنے والوں کو روکنے کے کام میں لگ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں پتہ چلا ہے کہ رات دیرکو پڑوسی علاقوں کے لوگ بائک پرسوارہوکرکچروں کے بیگ کو ندی میں پھینکتے ہیں، جس کی وجہ سے پوری ندی کچروں کے ڈھیرمیں تبدیل ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گشت کے دوران بعض لوگوں کو کچرہ پھینکنے کی کوشش کے دوران پکڑا جاچکا ہے، البتہ اُنہیں وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا ہے،لیکن آئندہ ایسی کوشش کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا، بلکہ ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے گذارش کی ہے کہ وہ اپنا کچرہ میونسپالٹی کی کچرہ گاڑی والوں کے حوالے کریں اورندی نالوں میں اور راستہ کناروں میں پھینک کرعلاقہ میں گندگی نہ پھیلائیں۔
شرابی ندی جہاں غوثیہ اسٹریٹ میں واقع ڈرینیج کے پمپنگ اسٹیشن سے باربارڈرینیج کا گندہ پانی چھوڑا جاتا ہے، پہلے ہی بہت زیادہ آلودہ ہوچکی ہے، گٹرمیں تبدیل ہوتے دیکھ کراب اطراف کے علاقوں کے لوگ بھی گذشتہ کچھ ماہ سے اپنا کچرہ ندی میں پھینکنے لگے ہیں جس کی وجہ سے ندی کی حالت مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ ندی کوواپس اپنے پرانے ماحول میں واپس لانے بالخصوص ندی کو صاف کرنے، ندی کو گہرا کرنے، کیچڑہٹانے وغیرہ کے لئے علاقہ کے لوگ کمربستہ ہوگئے ہیں اورعلاقہ کے ذمہ داران اس تعلق سے شرابی ندی کے اطراف کی محلہ کمیٹیوں کے ممبران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم ترتیب دے کر ندی بچاو اندولن شروع کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔
پتہ چلا ہے کہ غوثیہ اسٹریٹ، مشما اسٹریٹ، خلیفہ اسٹریٹ، قاضیا اسٹریٹ، جامعہ اسٹریٹ، فاروقی اسٹریٹ، ڈارنٹا و ڈونگر پلی کے نوجوانوں پر مشتمل ایک کمیٹی پہلے ہی تیار کی گئی تھی جسے اب متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ قیصر محتشم نے بتایا کہ میونسپل کونسلر فیاض مُلا سمیت دیگر ذمہ داران کے تعاون سے کیچڑ اور کچروں کے ڈھیر میں تبدیل ندی کو صاف کرنے اورندی کو گہرا کرنے کا کام شروع کیاجائے گا جس کے لئے باقاعدہ رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر منکال وئیدیا سے بات چیت ہوچکی ہے۔ قیصرمحتشم نے بتایا کہ اس اہم کام کے لئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔